بھید بتا
نیلی زمیں اے نیلی زمیں
کیوں ہریالے کھیت کھنڈر ہو جاتے ہیں؟
دل بنجر ہو جاتے ہیں
( بنا بتائے )
اک سیدھا سادہ چرواہا
چھوٹی بڑی گاڑی کے سامنے کیوں کچا پڑ جاتا ہے
عورت اپنے مرد سے چھپ کر کیوں روتی ہے ؟
مرد پرائی عورت پیچھے کیوں مرتا ہے ؟
آنکھوں کا کفارہ دل ہی کیوں بھرتا ہے ؟؟
نیلی زمیں زہریلی زمیں !
کیوں آ جاتے ہیں مسند پر بھدے گندے لوگ
ثروت اور جمال کو نکّڑ والی قبر ہی کیوں ملتی ہے ؟
نیلی زمیں ! چمکیلی زمیں
اتنی پڑھی لکھی لڑکی کے ہاتھ نہیں پیلے ہو پاتے
تہمت کے بازار میں کالک کیوں سستی ہے ؟
اور خدا کا بھیجا ہوا انسان کہاں پر مل سکتا ہے ؟
نیلی زمیں !
تُو کیوں سہتی ہے ؟
کچھ گھٹیا دو پایوں کی سینے پر مستی
کیوں نہیں ہنستی ؟؟
ہنس دے اور اب کھل کر ہنس !
اتنی دیر تو کھل کر ہنس دے
اونچ نیچ کا فرق مٹا دے
چرواہے سے لے کر شاہ کے درباروں درباریوں تک وہ قہقہہ جائے !
سب مٹ جائے
0 Comments